56

فرانسیسی اور پولش کوہ پیماؤں کے ریسکیو میں پاکستان آرمی نے قابل تعریف بہادری کا مظاہرہ کیا، فرانسیسی حکام

اسلام آباد – فرانس اور پولینڈ کے عوام نے پاکستان کے شمال میں واقع نانگا پربت پر پھنسے ہوئے فرانسیسی اور پولش کوہ پیماؤں کی بحفاظت واپسی کے لئے کئے گئے پاکستانی اقدامات کو سراہا ہے۔ ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے پولینڈ میں پاکستان کے ڈپٹی ہیڈ مشن شفاعت احمد کلیم نے بتایاکہ کئی پولش شہریوں نے پاکستانی سفارتخانے سے رابطہ کرکے کوہ پیماؤں کی بحفاظت واپسی کے لئے کی جانے والی کوششوں کی تعریف کی۔انہوں نے نانگا پربت کی چوٹی پر لاپتہ ہونے والے پولش کوہ پیما کے حوالے سے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کے خاندان کے ساتھ اظہار ہمدردی کیا۔ انہوں نے بتایا کہ کے ٹو کے بیس کیمپ پر موجود چار پولش کوہ پیماؤں کی مدد سے نانگا پربت کی چوٹی پر پھنس جانے والے پولینڈ اور فرانس کے کوہ پیماؤں کی تلاش کا کام کیا گیا اور اس دوران فرانسیسی کوہ پیما ایلزبتھ ریول کو بحفاظت اتار لیا گیا جبکہ پولینڈ کے کوہ پیما کا اب تک کوئی پتہ نہیں چل سکا۔ پولینڈ میں فرانسیسی سفارتخانے کے حکام نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ریسکیو کے دوران پاکستان آرمی کے ایوی ایشن ونگ نے بڑی بہادری کا مظاہرہ کیا جس کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے۔۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں